تازہ خبریں طرز زندگی
61 سال کی عمر میں عامر خان کی تیسری شادی، 5 جولائی کو گوری اسپرٹ سے نکاح

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان 61 سال کی عمر میں اپنی دیرینہ ساتھی گوری اسپرٹ سے شادی کرنے جا رہے ہیں۔ عامر خان نے تصدیق کی ہے کہ دونوں 5 جولائی کو ایک سادہ اور نجی تقریب میں رجسٹرڈ شادی کریں گے۔

عامر خان کے مطابق شادی ان کی رہائش گاہ پر ہوگی، جس میں صرف قریبی رشتہ دار اور چند خاص دوست شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس تقریب کو مکمل طور پر نجی رکھنا چاہتے ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ گوری کے ساتھ ان کا رشتہ بہت مضبوط اور پُرسکون ہے۔ ان کے مطابق وہ دل سے خود کو پہلے ہی گوری کا شوہر سمجھتے ہیں اور شادی ان کے تعلق کا فطری اگلا مرحلہ ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ عرصہ قبل عامر خان نے کہا تھا کہ وہ بغیر شادی کے بھی گوری کے ساتھ خوش ہیں، تاہم اب دونوں نے اپنے رشتے کو باضابطہ شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

عامر خان نے گزشتہ سال اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری اسپرٹ کو عوام کے سامنے متعارف کروایا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں کئی مواقع پر ایک ساتھ نظر آئے اور ان کے تعلقات مسلسل خبروں کا حصہ بنتے رہے۔

یہ عامر خان کی تیسری شادی ہوگی۔ اس سے قبل وہ رینا دتہ اور بعد ازاں کرن راؤ سے شادی کر چکے ہیں۔ دونوں شادیوں کے اختتام کے باوجود عامر اپنے سابقہ خاندانوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

5 جولائی کو ہونے والی یہ شادی شوبز انڈسٹری کی سب سے زیادہ زیرِ بحث تقریبات میں شامل ہو چکی ہے اور مداح اس خاص موقع کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔