تازہ خبریں طرز زندگی
الفا کا ٹریلر جاری، عالیہ بھٹ ایکشن انداز میں چھا گئیں

ممبئی۔ یش راج فلمز کی متوقع اسپائی تھرلر فلم ‘الفا’ کا ٹریلر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔

ٹریلر کا آغاز بوبی دیول کی آواز سے ہوتا ہے، جہاں وہ عالیہ بھٹ کے کردار کو “سیتا” کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ اس کے بعد عالیہ کی آواز سنائی دیتی ہے جو ایک ایسی شہزادی کی کہانی بیان کرتی ہیں جو کسی نجات دہندہ کا انتظار کرنے کے بجائے خود اپنی جنگ لڑتی ہے۔

عالیہ بھٹ ٹریلر میں طاقتور ایکشن مناظر اور خطرناک مشنز انجام دیتی دکھائی دیتی ہیں۔ شرواری واگ بھی ایک اہم کردار میں نظر آتی ہیں۔ ابتدا میں دونوں کے درمیان کشیدگی دکھائی گئی ہے، لیکن بعد میں وہ ایک مشترکہ مشن پر اکٹھی ہو جاتی ہیں۔

سینئر اداکار انیل کپور بھی ایک بااثر کردار میں دکھائی دیتے ہیں جو دونوں ایجنٹس کی رہنمائی کرتے ہیں۔

ٹریلر کے آخری منظر نے شائقین کے درمیان نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک پراسرار سایہ دکھایا گیا ہے جس کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ یہ ہریتھک روشن کا کیمیو ہو سکتا ہے، تاہم اس کی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی۔

بھرپور ایکشن، سنسنی خیز مناظر اور مضبوط کرداروں کے باعث فلم کی ریلیز کا انتظار شائقین کے لیے مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔