تازہ خبریں طرز زندگی
نیمار متنازع سبسٹی ٹیوشن پر برہم، برازیل ورلڈ کپ امیدیں غیر یقینی

برازیل کے فارورڈ نیمار ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے جب انہوں نے سانتوس کے سیری اے میچ میں متنازع سبسٹی ٹیوشن پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔ یہ واقعہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے برازیل کی ابتدائی اسکواڈ کے اعلان سے چند روز قبل پیش آیا۔

34 سالہ اسٹرائیکر اس وقت واضح طور پر غصے میں نظر آئے جب میچ کے 65ویں منٹ میں چوتھے آفیشل نے غلطی سے سبسٹی ٹیوشن کے دوران ان کا نمبر دکھا دیا۔ نیمار کا خیال تھا کہ ان کے ساتھی کھلاڑی گونزالو ایسکوبار کو میدان سے باہر جانا تھا۔

سانتوس کے کپتان نے آفیشلز سے بحث کی، سبسٹی ٹیوشن سلپ ہاتھ میں لی اور غلطی ثابت کرنے کے لیے اسے ٹی وی کیمروں کے سامنے دکھایا۔ فوری طور پر میدان چھوڑنے سے انکار کرنے پر انہیں پیلا کارڈ بھی دکھایا گیا۔

بعد میں سانتوس کلب نے تصدیق کی کہ سبسٹی ٹیوشن کے عمل میں آفیشلز سے غلطی ہوئی تھی۔ کلب کے مطابق سبسٹی ٹیوشن نوٹ پر نیمار نہیں بلکہ ایسکوبار کا نام درج تھا۔

یہ میچ سانتوس کے لیے مایوس کن ثابت ہوا کیونکہ ٹیم کو 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 16 میچوں میں 18 پوائنٹس کے ساتھ وہ ریلیگیشن زون کے قریب موجود ہے۔

اس واقعے کے بعد امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل برازیلین قومی ٹیم میں نیمار کے مستقبل پر بحث مزید تیز ہو گئی ہے۔

نیمار اکتوبر 2023 کے بعد سے برازیل کے لیے نہیں کھیل سکے اور گزشتہ دو برسوں میں زیادہ تر وقت انجریز سے لڑتے رہے ہیں۔

گھٹنے کی سرجری کے بعد رواں سال سانتوس واپسی کے بعد انہوں نے 15 میچوں میں 6 گول کیے ہیں، تاہم وہ بار بار پٹھوں کی تکالیف کا شکار بھی رہے۔

تمام مشکلات کے باوجود نیمار نے اپنی فٹنس اور قومی ٹیم میں واپسی کے عزم کا بارہا اظہار کیا ہے۔

میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ انہوں نے فٹنس بحال کرنے اور انجریز سے متعلق تنقید کا مقابلہ کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔

نیمار کا کہنا تھا کہ وہ خود کو جسمانی طور پر مضبوط محسوس کر رہے ہیں اور انہوں نے ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو اینچیلوتی نے تاہم نیمار کی شمولیت کے معاملے پر محتاط مؤقف اپنایا ہے۔

اینچیلوتی نے کہا کہ اسکواڈ کا انتخاب مکمل طور پر فٹنس، کارکردگی اور ٹیم کے توازن کی بنیاد پر ہوگا۔

انہوں نے نیمار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ آخری فیصلہ عوامی دباؤ یا شہرت کے بجائے پیشہ ورانہ جائزے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

اطالوی کوچ نے مزید کہا کہ ان کی حکمت عملی ایسے فارورڈز کی متقاضی ہے جو پورے میچ میں بھرپور شدت، پریسنگ اور دفاعی ذمہ داریاں نبھا سکیں، جبکہ نیمار کی فٹنس اب بھی سوالات کی زد میں ہے۔

اس کے باوجود اینچیلوتی نے اعتراف کیا کہ حالیہ میچوں میں نیمار کی کارکردگی میں واضح بہتری دیکھی گئی ہے اور ٹیم کے کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے ان کی واپسی کی بھرپور حمایت جاری ہے۔

برازیل کی ابتدائی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے جبکہ حتمی 26 رکنی ٹیم کا اعلان جون میں ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے کیا جائے گا۔

News Image

شان اسٹرک لینڈ نے خامزات چیمائیف کو شکست دے کر یو ایف سی ٹائٹل جیت لیا

  • شان اسٹرک لینڈ نے یو ایف سی 328 کے مرکزی مقابلے میں خامزات چیمائیف کو اسپلٹ فیصلے سے ہرا کر مڈل ویٹ چیمپئن شپ دوبارہ اپنے نام کر لی۔
BY Saba Parveen ·