حکام کے مطابق 38 سالہ شخص مغربی آسٹریلیا کے ساحل کے قریب روٹنیسٹ آئی لینڈ کے نزدیک عظیم سفید شارک کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔
یہ حملہ ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 10 بجے پرتھ کے مغرب میں واقع ہارس شو ریف کے قریب پیش آیا، جو غوطہ خوری اور ماہی گیری کے لیے ایک مشہور مقام سمجھا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کو کشتی کے ذریعے جورڈی بے جیٹی منتقل کیا گیا جہاں امدادی کارکنوں اور طبی عملے نے سی پی آر کے ذریعے اسے بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پرائمری انڈسٹریز اینڈ ریجنل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا کہ حملے میں ملوث شارک کی شناخت تقریباً چار میٹر لمبی عظیم سفید شارک کے طور پر کی گئی ہے۔
واقعے کے بعد ایمبولینس اور ریسکیو ٹیموں سمیت متعدد امدادی اہلکار علاقے میں موجود دکھائی دیے۔
یہ مغربی آسٹریلیا میں گزشتہ سال مارچ کے بعد پہلا مہلک شارک حملہ ہے، جب ایک سرفر دور دراز ساحلی علاقے وارٹن بیچ پر ہلاک ہو گیا تھا۔
حالیہ برسوں میں آسٹریلیا میں شارک حملوں کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، خاص طور پر ملک کے مشرقی ساحل پر۔
اسی سال کے آغاز میں نیو ساؤتھ ویلز کے مختلف ساحلی علاقوں میں متعدد حملوں کے بعد عارضی طور پر ساحل بند کر دیے گئے تھے۔
گزشتہ ستمبر میں سڈنی کے قریب ایک پچاس سالہ تجربہ کار سرفر ایک نایاب مہلک شارک حملے میں مارا گیا تھا۔ اس سے قبل سڈنی میں آخری مہلک شارک حملہ 2022 میں پیش آیا تھا، جو تقریباً چھ دہائیوں بعد شہر کا پہلا جان لیوا واقعہ تھا۔
قومی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں ہر سال اوسطاً تقریباً 20 شارک حملے ریکارڈ کیے جاتے ہیں، جن میں زیادہ تر واقعات ملک کے مشرقی اور جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں پیش آتے ہیں۔