بحرالکاہل میں سرگرم ایل نینو کے اثرات اس سال بھارت کے مانسون پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ جون کے اختتام تک ملک بھر میں معمول سے 42 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث یہ گزشتہ 100 برس کا تیسرا خشک ترین جون بن گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جون میں اب تک اوسطاً 92.2 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ معمول کے مطابق 157.7 ملی میٹر بارش ہونی چاہیے تھی۔
موسمی ریکارڈ کے مطابق گزشتہ ایک صدی میں اس سے کم بارش صرف 2009 اور 2014 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس سال وسطی بھارت میں سب سے زیادہ 54 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں 41 فیصد شمال مغربی بھارت میں 30 فیصد اور جنوبی بھارت میں 28 فیصد کم بارش ہوئی۔
ماہرین کے مطابق ایل نینو کے باعث بحرالکاہل کا درجہ حرارت بڑھنے سے مانسون کی ہوائیں کمزور پڑ گئی ہیں جس کا براہ راست اثر بھارت میں بارش پر پڑا ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے امید ظاہر کی ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے سے وسطی بھارت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مانسون دوبارہ سرگرم ہوگا اور اچھی بارش متوقع ہے۔




.webp)

.jpg)
.jpg)




