فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے ساحلی علاقے کے قریب 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 47 افراد ہلاک، 31 لاپتہ اور 688 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
زلزلے سے 3 لاکھ 46 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 75 ہزار سے زائد خاندان نقصان کا شکار ہوئے۔ تقریباً 45 ہزار افراد کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔ 12,600 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق متعدد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جبکہ سڑکیں، پل، ایک ہوائی اڈہ اور دو بندرگاہیں بھی متاثر ہوئی ہیں، جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ زراعت، مویشی بانی اور ماہی گیری کے شعبوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ 48 شہروں اور قصبوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
جنرل سانتوس شہر سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے جہاں کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں، جبکہ ایک دو منزلہ اسکول کی عمارت بھی گر گئی۔ امدادی ٹیمیں مسلسل ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں اور حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔




.webp)

.jpg)
.jpg)




