سمستی پور: بہار کے ضلع سمستی پور میں جمعہ کی دیر رات ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ودیاپتی نگر تھانہ علاقے کے بڑہونا گاؤں کے قریب این ایچ-122 بی پر ایک تیز رفتار نامعلوم اسکارپیو نے ایک شخص کو ٹکر مار دی۔
متوفی کی شناخت ٹنٹن سدا (42) کے طور پر ہوئی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق وہ رات تقریباً 11:30 بجے کھانا کھانے کے بعد سڑک کنارے ٹہل رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں زور دار ٹکر مار دی۔ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ڈرائیور گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔
ہفتہ کی صبح بڑی تعداد میں دیہاتی جمع ہوگئے اور لاش کو سڑک پر رکھ کر NH-122B جام کردیا۔ مظاہرین نے متاثرہ خاندان کے لیے مناسب معاوضہ، بیریکیڈنگ، بہتر روشنی اور انتباہی بورڈ نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔
جام کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔
تھانہ انچارج سورج کمار نے بتایا کہ فرار اسکارپیو اور اس کے ڈرائیور کی شناخت کے لیے قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔




.webp)

.jpg)
.jpg)




