بہار کے ضلع بیتیا کے مچھرگاواں نگر پنچایت کی رہائشی ساکشی کماری نے 70ویں بی پی ایس سی مشترکہ مقابلہ جاتی امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دیہی ترقیاتی افسر (RDO) کا عہدہ حاصل کیا ہے۔
ساکشی ایک عام خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد چندر بھوشن پرساد جیسوال کریانہ کی دکان چلاتے ہیں جبکہ والدہ سیما دیوی گھریلو خاتون ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود ساکشی نے محنت اور خود مطالعے کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم گاؤں کے آدرش ہائی اسکول سے حاصل کی۔ بعد ازاں رام روپ گوسوامی انٹر کالج میں تعلیم حاصل کی اور سال 2020 میں آرٹس شعبے سے بہار بورڈ کی انٹرمیڈیٹ امتحان میں ریاستی ٹاپر بن کر شہرت حاصل کی۔
ساکشی نے بابا بھوت ناتھ ڈگری کالج، بگہا سے گریجویشن مکمل کیا اور 2024 میں فرسٹ ڈویژن سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری شروع کی اور پہلی ہی کوشش میں بی پی ایس سی امتحان پاس کر لیا۔
ساکشی نے بتایا کہ انہوں نے 71ویں بی پی ایس سی امتحان بھی دیا ہے اور ان کا انتخاب انٹرویو مرحلے کے لیے ہو چکا ہے۔ ان کا اگلا ہدف یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا والدین کے اعتماد اور تعاون کو دیا اور کہا کہ اگر بیٹیوں کو برابر مواقع اور حوصلہ افزائی ملے تو وہ ہر میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں۔




.webp)

.jpg)
.jpg)




