بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کے مداپٹنا علاقے میں جمعرات کی صبح ایک پتھر کی کان میں خوفناک حادثہ پیش آیا، جہاں کام کے دوران ایک بڑی چٹان اچانک گر گئی۔ حادثے میں بہار سے تعلق رکھنے والے سات مزدور موقع پر ہی جاں بحق جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت تقریباً 18 مزدور کان میں پتھر توڑنے اور کھدائی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک تقریباً 40 فٹ بلند مقام سے ایک بھاری چٹان ان پر آ گری۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیموں اور امدادی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائی شروع کر دی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام سات مزدور ریاست بہار کے رہائشی تھے اور روزانہ اجرت پر کان میں کام کرتے تھے۔ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ کن وجوہات کی بنا پر پیش آیا اور آیا کان میں حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی یا غفلت اس سانحے کی وجہ بنی۔




.webp)

.jpg)
.jpg)




