فلپائن کے شہر اینجلس میں زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت گرنے سے کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ 17 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
یہ حادثہ دارالحکومت منیلا کے شمال میں واقع اینجلس سٹی میں پیش آیا جہاں امدادی ٹیمیں مسلسل ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق دو افراد کو ملبے سے نکالا گیا۔ ان میں سے ایک شخص زندہ حالت میں ملا لیکن بعد میں دم توڑ گیا جبکہ دوسرا ملبے میں پھنسے ہوئے ہی دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
ریسکیو ٹیمیں ملبے کے نیچے دبے ایک اور شخص کی لاش نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
تھرمل اسکیننگ کے ذریعے ملبے کے نیچے سانس لینے اور دل کی دھڑکن جیسی علامات ملنے کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ مزید افراد زندہ ہو سکتے ہیں۔
لاپتا افراد میں زیادہ تر تعمیراتی مزدور شامل ہیں جو حادثے کے وقت ڈیوٹی پر موجود تھے۔
حکام کے مطابق تعمیراتی مقام پر تقریباً 70 افراد کام کرتے تھے لیکن ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے کئی مزدور پہلے ہی گھر جا چکے تھے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں انتہائی خطرناک ہیں کیونکہ ملبے میں معمولی حرکت بھی مزید تباہی کا سبب بن سکتی ہے اور پھنسے ہوئے افراد یا امدادی کارکنوں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
اسی وجہ سے زیادہ تر ریسکیو کام دستی طور پر کیا جا رہا ہے جبکہ بھاری مشینری کا استعمال محدود رکھا گیا ہے۔
لاپتا افراد کے اہل خانہ جائے وقوعہ کے قریب بے چینی کے ساتھ اپنے پیاروں کی خبروں کا انتظار کر رہے ہیں۔
ایک خاتون نے بتایا کہ اس کے بچے مسلسل اپنے والد کے بارے میں پوچھ رہے ہیں لیکن اس کے پاس کوئی جواب نہیں۔
مقامی حکام نے عمارت کے مالک کی تلاش بھی شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔