نورپور/جسور: ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا کے نورپور علاقے میں پیر کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شدید بارش کے باعث جبّر کھڈ میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی اور ساڑھے چار سالہ ایک معصوم بچہ بہہ کر جاں بحق ہوگیا۔
متوفی بچے کی شناخت عابد خان ولد بلا دین، ساکن کیاری گاؤں، پنچایت بھلون کے طور پر ہوئی ہے۔ خاندان کھڈ کے قریب عارضی ڈیرے میں رہ کر مویشی پالنے کا کام کرتا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق بچہ کھڈ کے کنارے کھیل رہا تھا کہ اسی دوران شدید بارش کے باعث پانی کا بہاؤ اچانک تیز ہوگیا اور وہ ریلے میں بہہ گیا۔ اہل خانہ نے کافی تلاش کی مگر بچے کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس اور دیہاتی موقع پر پہنچ گئے۔ بعد ازاں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF) کی ٹیم کو طلب کیا گیا، جس نے سرچ آپریشن شروع کیا اور کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد بچے کی لاش قریبی علاقے سے برآمد کر لی۔
اس دلخراش حادثے کے بعد پورے گاؤں میں سوگ کی فضا ہے جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ مقامی نمائندوں نے حکومت سے متاثرہ خاندان کے لیے مالی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
ایس ڈی ایم نورپور ارون شرما نے بتایا کہ واقعے کی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے اور ضابطے کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مسلسل بارشوں کے دوران ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔




.webp)

.jpg)
.jpg)




